لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے لئے ‘اگنی پریکشا’ مانے جا رہے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں کل ہونے والی پولنگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس مرحلہ میں ریاست کے 24 اضلاع- شاملی، میرٹھ، ہاپوڑ، بجنور، بدایوں، ہاتھرس، کاسگنج، آگرہ، کانپور، جالون، ہمیر پور، چترکوٹ، کوشامبی، پرتاپ گڑھ، اناؤ، ہردوئی، امیٹھی، فیض آباد، گونڈہ، بستی، گورکھپور، اعظم گڑھ ، غازی پور اور ماؤ نوازوںسے متاثر سون بھدر ضلع میں پولنگ ہوگی۔ سخت سیکورٹی کے درمیان صبح ساڑھے سات بجے سے پولنگ شروع ہوکر شام پانچ بجے تک چلے گی۔پہلے مرحلہ میں سب سے زیادہ دلچسپ انتخابات اجودھیا میونسپل کارپوریشن کا مانا جا رہا ہے ، جہاں سماج وادی پارٹی کے امیدوار کے طور پر میئر کے عہدہ کے لیے ہجڑا(مخنث) گلشن بندو انتخابی میدان میں ہے . ہجڑا کے ا لیکشن لڑنے کی وجہ سے اجودھیا کا انتخاب لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ اجودھیا میں پہلی بار میئر اور کونسلر کا انتخاب ہوگا کیونکہ اسے حال ہی میں میونسپل کارپوریشن ب درجہ دیا گیا ہے ۔
ریاستی الیکشن کمشنر ایس کے اگروال نے پولنگ کی تیاریوں کو مکمل کر لینے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مجسٹریٹوں کے ساتھ ویڈیو کا نفرنسنگ کر کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیاہے ۔ تین مراحل کے انتخابی عمل میں دوسرے اور تیسرے مرحلہ کی پولنگ 26 اور 29 نومبر کو ہوگا جبکہ یکم دسمبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔مسٹر اگروال نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ بغیر کسی رکاوٹ کے کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پولنگ اہلکاروں کو ہر حال میں آج شام تک پولنگ مراکز پر پہنچ جانے کو کہا گیا ہے . پولنگ مراکز کو آج شام ہی سے سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیے جائیں گے ۔پہلے مرحلہ کی پولنگ کے دوران لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کیلئے مرکزی نیم فوجی دستوں کی 40 کمپنیاں مقامی پولیس انتظامیہ کی مدد میں تعینات کی جائیں گی۔اس مرحلے میں پانچ میونسپل، 71 میونسپلٹی اور 154 شہر پنچایتوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ پہلے مرحلہ میں چار ہزار 95 وارڈو ں کیلئے کونسلر منتخب کئے جائیں گے ۔ اس مرحلے میں ایک کروڑ نو لاکھ ووٹر ز11 ہزار 679 پولنگ سینٹروں پر اپنی حق رائے دہی کااستعمال کریں گے ۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے لئے اس الیکشن کو پہلا مگر سخت امتحان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ یوگی حکومت گزشتہ 19 مارچ کو سماج وادی پارٹی (ایس پی) حکومت کو بے دخل کرکے اتر پردیش میں برسراقتدارہوئی تھی۔ یوگی کے دور حکومت میں یہ پہلا الیکشن ہے ، اس لئے اسے ایک ‘اگنی پریکشا’ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔بی جے پی اس الیکشن کو پوری سنجیدگی سے لے رہی ہے ۔امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم کی کمان خود وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سنبھال رکھی ہے جبکہ نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ، دنیش شرما اور ریاستی صدر مہندر ناتھ پانڈے کے علاوہ دیگر سینئر لیڈرز اور وزیر ووٹروں کو پارٹی کے حق میں کرنے کے لیے رات دن ایک کر رہے ہیں۔دوسری طرف، ایس پی اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے انتخابی مہم کی کمان دوسری قطار کے رہنماؤں کے حوالہ کر رکھی ہے . کانگریس امیدواروں کے لیے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور ریاستی صدر راج ببر ریاست کے تمام اضلاع میں گھوم گھوم کر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ ایس پی صدر اکھلیش یادو اور بی ایس پی صدر مایاوتی اس انتخاب میں الیکشن مہم سے دور رکھا ہے ۔