علی گڑھ ، 13 مئی (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا دورہ کیا اور عہدیداروں سے ملاقات کے بعد ضلع میں کورونا مینجمنٹ کا جائزہ لیا
مسٹر یوگی کے موجودہ دور حکومت میں یہ پہلا موقع ہے جب وہ اے ایم یو کا دورہ کیا ہے۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق وزیر اعلی صبح 10:50 بجے یونیورسٹی کیمپس میں واقع ہیلی پیڈ پر اترے جہاں سے وہ کووڈ کمانڈ سنٹر کا معائنہ کرنے کلکٹریٹ روانہ ہوئے۔ بعدازاں انہوں نے اے ایم یو میں واقع جے این میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں علی گڑھ ڈویژن کے عہدیداروں سے جائزہ میٹنگ کی اور ضروری ہدایات دیں۔
انہوں نے بتایا کہ کووڈ ویکسین کورونا سے بچانے کے لئے حفاظتی حلقہ ہے جس پر کچھ لوگ مغالطہ پھیلا رہے ہیں۔ ویکسین مکمل طور سے محفوظ ہے اور ہر ایک کو ٹیکے لگائے جانے چاہئے تاکہ انفیکشن کے اثرات سے بچا جاسکے۔
ویکسینیشن سے انفیکشن کی روک تھام بھی ایک ترجیح ہے ، اس کے لئے ویکسینیشن مراکز میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ہر جان حکومت کے لئے قیمتی ہے، اس لئے سبھی کی جان بچانی ہے۔
کووڈ اسپتالوں میں مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دینے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے مشتبہ افراد کے جانچ کا دائرہ وسیع کرنا پڑے گا اوررپورٹ ملنے کے وقت کو کم کرنا ہوگا تاکہ متاثرہ افراد کی جلد شناخت ہوسکے اور بروقت علاج شروع کیا جاسکے۔ ٹیلی میڈیسن پر خصوصی زور دینا چاہئے۔ اس کے لئے فون کالز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونا چاہئے۔ ہوم آئسولیشن پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوم آئسولیشن کی سہولت صرف ان لوگوں کو دی جانی چاہئے جن کے گھروں میں مناسب انتظامات ہوں۔