لکھنؤ: عام آدمی پارٹی نے منگل کو ریاست کے ہر ضلع میں گھر گھر دستک دے کر پرچے تقسیم کئے۔ ان پرچوں میں سنجے سنگھ کی گرفتاری کیوں اور گرفتاری کا سچ بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پوری ریاست میں عام آدمی پارٹی ریاست کے سبھی اضلاع میں مہم چلا کر پہلے مرحلہ میں 25لاکھ گھروں میں دستک دے گی۔ لکھنؤ میں ضلع صدرشیکھردکشت کی قیادت میں کارکنوں نے مشرقی اسمبلی حلقہ کے تحت پیپر مل کالونی نشاط گنج میں پرچہ تقسیم مہم چلائی۔
مہم کےتحت کارکن ہر گھر پہنچ کر اپنے رکن پارلیمنٹ اوراترپردیش انچارج سنجے سنگھ کی ای ڈی کے ذریعہ کی گئی گرفتاری کا سیاہ سچ اجاگر کیا۔ ضلع صدر شیکھر دکشت نے بتایا کہ سنجے سنگھ عام آدمی کی آواز، پٹری دکانداروں، پسماندہ طبقات اور دلتوں کی آواز کو پارلیمنٹ میں اٹھا رہے تھے تو انہیں پارلیمنٹ سے معطل کیا گیا جب انہوں نے کسانوں کی لڑائی کی آواز اٹھائی تو انہیں ای ڈی کا ڈر دکھایا گیا لیکن سنجے سنگھ تب اور حملہ آور ہو گئے اور انہوں نے وزیر اعظم اور اڈانی کی بدعنوانی کا سچ اجاگر کرنا شروع کر دیا۔
کہا گیا ہے کہ سنجے سنگھ نے جب مرکزی حکومت اور اترپردیش حکومت کی بدعنوانیوں کو اجاگر کرنا شروع کیا تو سنجے سنگھ کو جیل بھیجنے کی سازش تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے دونوں نمائندوں ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ پہلے ستیندر جین اور منیش سسودیا کو جیل میں ڈالا اور شراب پالیسی کے جھوٹے بونڈر میں سب کو گھیرنے کی کوشش کر کے عام آدمی پارٹی کو ختم کرنے کی سازش رچی، اسی میں سنجے سنگھ کو بھی گھیرا گیا۔ دلچسپ یہ ہے کہ آج تک ای ڈی اورسی بی آئی ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکی ۔