بجٹ میں بہار اور آندھرا کے لیے خصوصی بندوبست
بہار میں سڑکوں کے منصوبوں کے لیے 26 ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ بہار میں 21 ہزار کروڑ روپے کے پاور پلانٹ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بہار کو مالی مدد ملے گی۔ آندھرا پردیش کو تقریباً 15 ہزار کروڑ روپے کا پیکیج ملے گا۔
نوجوانوں کے لیے 5 نئی اسکیموں کا اعلان
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا، ’’مجھے 5 سالوں میں 4.1 کروڑ نوجوانوں کے لیے روزگار، ہنر اور دیگر مواقع کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 5 اسکیموں اور اقدامات کے وزیر اعظم کے پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، جس کا مرکزی خرچ 2 لاکھ کروڑ روپے ہے۔ اس سال ہم نے تعلیم، روزگار اور ہنر کے لیے 1.48 لاکھ کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے۔‘‘
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی بجٹ تقریر کے اہم نکات
– ہندوستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور مہنگائی کنٹرول میں ہے۔
– یہ بجٹ غریبوں، خواتین، نوجوانوں اور کسانوں پر مرکوز ہے۔
– روزگار بڑھانے پر حکومت کی توجہ، یہ حکومت کی اولین ترجیح۔
-حکومت روزگار کے لیے 3 بڑی اسکیموں پر کام کرے گی۔
– بجٹ میں نوجوانوں کے لیے 2 لاکھ کروڑ روپے کا انتظام۔
– طلباء کو 7.5 لاکھ روپے کا اسکل ماڈل قرض۔
– پہلی بار ملازمین کے لیے اضافی پی ایف
– ملازمتوں میں خواتین کو ترجیح دی جائے گی۔
– زرعی شعبے کی ترقی اولین ترجیح۔
– قدرتی کاشتکاری کو بڑھانے پر زور، 32 فصلوں کے لیے 109 اقسام کا آغاز کریں گے۔
– اس سال زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کے لیے 1.52 لاکھ کروڑ روپے کی فراہمی۔
– مفت راشن کا نظام 5 سال تک جاری رہے گا۔
– بہار میں 3 ایکسپریس وے کا اعلان، جس کے لئے 26 ہزار کروڑ روپے کی فراہمی۔
– آندھرا پردیش کو اضافی مالی امداد دینے کا اعلان۔
نرملا سیتا رمن پیش کر رہیں بجٹ تقریر
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن بجٹ پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’مودی حکومت مسلسل تیسری بار اقتدار میں آئی ہے۔ ہندوستان میں مہنگائی کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے۔ یہ بجٹ غریبوں، خواتین، نوجوانوں اور کسانوں پر مرکوز ہے۔‘‘
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن پارلیمنٹ پہنچیں، کچھ دیر میں پیش کریں گی بجٹ
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی ہیں۔ اس سے پہلے وہ راشٹرپتی بھون پہنچی تھیں، جہاں صدر دروپدی مرمو نے ان کا منہ میٹھا کرایا۔ اس کے بعد نرملا سیتارمن وزیر مملکت برائے خزانہ کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کے لیے روانہ ہوئیں۔ راشٹرپتی بھون سے پہلے نرملا سیتا رمن وزارت خزانہ بھی پہنچی تھیں۔ یاد رہے کہ وزیر خزانہ 11 بجے بجٹ پیش کریں گے۔
صدر دروپدی مرمو نے سیتارمن کو بجٹ پیش کرنے کی منظوری دی
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اپنی ٹیم کے ساتھ راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور انہیں بجٹ کی ایک کاپی سونپی۔ وزیر خزانہ نے صدر جمہوریہ سے بجٹ پیش کرنے کی منظوری بھی لی۔ اس دوران صدر مرمو نے نرملا سیتا رمن کو دہی اور چینی کھلائی۔
راشٹرپتی بھون پہنچیں سیتارمن
وزیر خزانہ نرملاسیتا رمن اپنے ٹیبلٹ میں بجٹ لے کر وزارت خزانہ سے راشٹرپتی بھون پہنچ گئی ہیں۔ اس سے قبل وہ دہلی میں اپنی رہائش گاہ سے وزارت خزانہ کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔ سیتارمن راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو کو بجٹ کی ایک کاپی پیش کریں گی۔
نرملا سیتارمن وزارت خزانہ پہنچ گئیں
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن وزارت خزانہ پہنچ گئی ہیں۔ وہ کچھ دیر میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گی اور وہ بجٹ کی کاپی صدر کو پیش کریں گی۔
بجٹ میں ایم ایس پی کی قانونی ضمانت کا اعلان کیا جائے: کانگریس
کانگریس نے مرکزی بجٹ پیش کرنے سے ایک دن پہلے کہا کہ سوامیناتھن کمیشن کی سفارشات کے مطابق اس بجٹ میں کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت کا اعلان کرنے کی ضرورت ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کے قرض کی معافی کی ضرورت کا جائزہ لینے، مقدار کا اندازہ لگانے اور کسانوں کے قرض کی معافی کے نفاذ کی نگرانی کے لیے ایک مستقل کمیشن قائم کرے۔ رمیش نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’مرکزی حکومت کی تمام ناکامیوں میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کی نااہلی اور بدنیتی پر مبنی رویہ سب سے زیادہ نقصان دہ ہے۔‘‘
مودی کی تیسری مدت کار کا پہلا بجٹ پیش کرنے کی تیاری
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ میں عام بجٹ پیش کرنے جا رہی ہیں۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں عام بجٹ پر 20 گھنٹے بحث ہونے کا امکان ہے۔ وہیں، ایوان زیریں میں ریلوے، تعلیم، صحت، مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) اور فوڈ پروسیسنگ کی وزارتوں پر الگ الگ بحث متوقع ہے۔ لوک سبھا کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) نے پیر کو منعقدہ اپنی میٹنگ میں مختلف وزارتوں سے متعلق مسائل پر بحث کرنے کا فیصلہ کیا۔