لکھنؤ: جس لڑکی نے عصمت دری اور جعلسازی کے الزام میں لڑکے کو جیل کی سلاخوں کےپیچھے پہنچایا تھا اسی نے شادی کی شرط پر ملزم کی ضمانت کرادی۔ جیل سےباہر آتےہی نوجوان نے شادی سے انکار کرتے ہوئے لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ متاثرہ کی اپیل پر اے ڈی سی پی مغرب کی ہدایت پر وزیر گنج پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔
چوک باشندہ لڑکی کے مطابق سال 2021 میں گومتی نگر وستار تھانہ میں سدریش دیوان عرف شیوا باشندہ لوکش نگر وزیر گنج کے خلاف عصمت دری اور جعلسازی سمیت دیگر دفعات میں رپورٹ درج کرائی تھی۔
پولیس نے ملزم کو جیل بھیج دیا تھا۔ اس دوران ملزم کے رشتے دار اس کےگھر آئے اور سدریش کے ساتھ لڑکی کی شادی کی یقین دہانی کرائی۔ شگن میں بہت سارا سامان دے گئے اس کے کچھ دن بعد ملزم کے رشتے دار اس کےوالد سے معاشی تنگی کا حوالہ دے کر 45ہزار روپئے نقد لے گئے۔ لڑکی کے رشتے داروں نے شادی کی شرط پر ملزم کی ضمانت کرادی۔
وہیں اس سلسلے میںمتاثرہ کا کہنا ہے کہ ملزم اب شادی کی بات سے انکار کررہا ہےاسے اور اس کے کنبے کو کال کرکے گالی گلوج اور جان سے مارنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ اس میں ملزم کا کنبہ بھی شامل ہے۔
الزام ہے کہ مقامی پولیس سماعت نہیں کررہی ہے۔ متاثرہ نے ڈی سی پی مغرب سے ملزم پر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ انسپکٹر وزیر گنج نے بتایاکہ متاثرہ کی تحریرپر ملزم سدریش دیوان سمیت سات کنبے کے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملے کی جانچ کرکے آگے کی کارروائی کی جارہی ہے۔