ڈھاکہ، 9 اگست (یو این آئی) بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس اور دیگر 13 مشیروں نے جمعہ کو دارالحکومت ڈھاکہ کے ساور میں قومی شہداء کی یادگار پر جنگ آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈھاکہ ٹریبیون نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔
ڈاکٹر یونس نے یادگار پر گلہائے عقیدت نذر کئے اور شہداء کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر فوجی دستے نے ریاستی سلامی دی۔ بعد ازاں انہوں نے عبوری حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے ایک بار پھر گلہائے عقیدت نذر کئے۔
ڈاکٹر یونس نے دیگر ارکان کے ساتھ جمعرات کو عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کے طور پر حلف لیا۔ بنگلہ دیش میں حالیہ کوٹہ احتجاج کے درمیان سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی برطرفی اور جلاوطنی کے بعد حالات معمول پر آ رہے ہیں۔