لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ایس پی صدر اکھلیش یادو نے نوئیڈا میں ہوئے قتل اور اعظم گڑھ میں پولیس حراست میںہوئی موت پر کہاکہ بی جے پی حکومت میں نظم ونسق ختم ہوچکا ہے۔
نظم ونسق کے سلسلہ میں زیرو ٹالرینس کی بات کرنے والی حکومت میں نظم ونسق زیرو ہے۔ ریاست میںجگہ جگہ قتل ہورہےہیں، نوئیڈا میںقتل کی واردات ہو یا اعظم گڑھ میں حراست میں موت۔
حکومت جرائم کی واردات کو روکنے میںناکام ہےا ور حراست میںسب سے زیادہ اموات اترپردیش میں ہورہی ہے۔ قتل اور لوٹ کی واردات رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ بہن بیٹیاں ، خواتین کے ساتھ جرائم مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔
انہوں نے جونپور میںبدمعاشوں کے ذریعہ ایک ہی کنبہ کے پانچ لوگوںکو گولی مارنے کی واردات پر سوشل میڈیا ایپ پر پوسٹ کرکے لکھا کہ جونپور میں سرعام پانچ لوگوں کو گولی مارنے کی واردات دکھائی دے رہی ہے.
جس دن اترپردیش سب سے زیادہ چاق وچوبند تحفظ انتظام کےگھیرے میں ہے تب مجرمین کےحوصلے اتنے بلند ہیں تو سوچیئے کہ باقی دنوںمیں اترپردیش کاکیا حال ہوگا۔ لگتا ہے کہ گولی بی جے پی حکومت کو جرائم کے خلاف زیرو ٹالرینس کے دعوے کو بھی ماری گئی ہے۔
اس سے قبل سماج وادی لیڈر جنیشور مشرا کی برسی پر گومتی نگر واقع جنیشور مشر پارک میں ان کے مجسمہ پر گلپوشی کرنے کےبعد صحافیوں سےبات کرتے ہوئے اکھلیش نے کہاکہ جنیشور مشرنے غریبوں، کسانوں، پسماندوں، دلتوں اور دبے کچلے لوگوں کی بھلائی کے لئے جدوجہد کی۔
ان کی پوری زندگی سماج وادی تحریک کےلئے وقف تھی۔ انہوںنے سماج وادی تحریک اور خیالات کوآگے بڑھانے کا کام کیا۔ ان کےنام سے بنا یہ پارک نوجوانوں کو ان کے خیالات پر چلنے کےلئےسبق دیتا رہے گا۔