برطانوی ڈرائیور اینڈی گرین نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کے ذریعے عالمی رفتار کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 64 سالہ سابق رائل ایئر فورس پائلٹ نے امریکی ریاست یوٹاہ کے بون ویل سالٹ فلیٹس میں ہائیڈرو میکس دوڑائی۔
ہائیڈرو میکس نے 2 رنز میں اوسطاً 654 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی۔ یہ ہائیڈروجن کمبسشن انجن استعمال کرنے والی کسی گاڑی کی اب تک کی بلند ترین رفتار قرار دی جارہی ہے، جبکہ گاڑی میں 2 ہائیڈروجن انجن نصب ہیں۔
یہ دونوں انجن مجموعی طور پر تقریباً 1600 بریک ہارس پاور پیدا کرتے ہیں۔ ریکارڈ کا فیصلہ دونوں رنز کی اوسط رفتار سے ہوا، یوں ہائیڈرو میکس نے سابق عالمی ریکارڈ کو غیر معمولی فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔
اس سے قبل ہائیڈروجن کمبسشن گاڑی کا عالمی رفتار ریکارڈ 2004 میں قائم ہوا تھا۔ اس وقت گاڑی نے 298.5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی، جبکہ ہائیڈرو میکس نے اس نشان کو دوگنی سے بھی زیادہ رفتار سے عبور کیا۔