برازیل کے سلگاڈو فلہو ائیرپورٹ کے ٹیکسی وے پر مسافر طیارے کو اچانک سامنے آنے والے کچھوے کی وجہ سے بریک لگانا پڑگئی۔
ازول ائیرلائنز کی پرواز اے ڈی 2885 پورٹو الیگری سے ریو ڈی جنیرو کے لیے روانہ ہو رہی تھی کہ ٹیکسی وے ڈیلٹا پر سفر کے دوران پائلٹ نے دیکھا کہ عین طیارے کے سامنے ایک کچھوا آہستہ آہستہ رینگ رہا تھا۔
پائلٹ نے فوری طور پر ائیر ٹریفک کنٹرول کو ریڈیو پیغام پر اطلاع دی کہ ’یقین کریں یا نہ کریں ہمارے طیارے کے بالکل سامنے ٹیکسی وے ڈیلٹا پر ایک کچھوا موجود ہے‘۔
کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر طیارے کو اپنی جگہ رکنے کی ہدایت کی اور ائیرپورٹ کی وائلڈ لائف مینجمنٹ ٹیم کو طلب کرلیا۔
اس دوران ریڈیو فریکوئنسی پر پائلٹس کے درمیان دلچسپ اور مزاحیہ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
فریکوئنسی سننے والے ایک دوسرے طیارے کے پائلٹ نے ازول کے عملے کو مذاق میں خبردار کیا کہ ’خبردار رہیں، کہیں کچھوا بھاگ نہ جائے!‘ جس پر ازول ائیرلائنز کے کپتان نے جواب دیا کہ ’اس ننھے مہمان کو رن وے تک پہنچنے میں تقریباً 8 دن لگیں گے‘۔
ائیرپورٹ کی وائلڈ لائف ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کچھوے کو بغیر کسی نقصان کے محفوظ طریقے سے اٹھایا اور ائیرپورٹ کی حدود سے باہر قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا۔
اس تمام کارروائی میں تقریباً 5 منٹ لگے جس کے بعد پرواز کو بحفاظت منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔