: آج کل شادیوں میں نت نئے ٹرینڈز متعارف کرائے جا رہے ہیں حال ہی میں سوشل میڈیا پر پٹرول پمپ پر شادی کی انوکھی تقریب وائرل ہوئی مگر کیا نیا ٹرینڈ ہے۔
شادی دو افراد کو ایک رشتے میں جوڑنے کا نام ہے۔ پرانے زمانے میں شادیاں سادگی سے گھروں پر ہوتی تھیں۔ مگر پھر بدلتے زمانے کے ساتھ شادیاں گھروں سے نکل کر شادی ہالوں، لانز، بینکوئٹ جا پہنچیں۔
صرف اتنا ہی نہیں میڈیا پر پیسے کی نمائش نے عام زندگی کو بھی متاثر کیا اور شادی میں روایتی تقریبات کے ساتھ نت نئی تقریبات کا اضافہ بھی کر دیا گیا اور لوگ نیا ٹرینڈ کہہ کر اس کو اپنانے لگے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں شادی تقریبات کا ایک فنکشن کسی ہال، بینکوئٹ، ہوٹل یا سبزہ زار کے بجائے ایک پٹرول پمپ پر ہو رہا ہے۔ اس تقریب میں سارا خاندان جمع ہے اور قوالی نائٹ ہو رہی ہے۔
لوگ یہ ویڈیو دیکھ کر حیران رہ گئے اور اس حوالے سے کئی قیاس آرائیاں کی جانے لگیں۔ اکثر نے تو اس کو نیا ٹرینڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ملک کے پٹرول پمپس شادی ہال بن جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق شادی تقریبات کے ایک فنکشن کی یہ ویڈیو لاہور کی ہے اور پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت نہیں بلکہ مجبوری کے عالم میں کی جانے والی تقریب ہے۔
نوجوان جوڑے کی شادی تقریبات میں مہندی کا فنکشن پٹرول پمپ پر منعقد کیا گیا، تاہم اس کے پیچھے وجہ موسم کی خرابی نکلی۔
بتایا جاتا ہے کہ مہندی کا فنکشن ایک کھلے گراؤنڈ میں منعقد کیا جانا تھا اور اس کے لیے وہاں تمام تیاریاں مکمل اور تقریب کا آغاز بھی ہو چکا تھا۔
تاہم پھر موسم نے رنگ میں بھنگ ڈالا۔ تیز آندھی اور بارش نے تقریب کو تہہ وبالا کر ڈالا۔ اس موقع پر دلہن کے خاندان کا ذاتی پٹرول پمپ بھی موجود تھا، جہاں مہندی کا فنکشن ہنگامی طور پر منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب جتنی دلچسپ یہ ویڈیو ہے، اتنے ہی دلچسپ کمنٹس صارفین کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔
اکثر نے بہت مہنگا شادی ہال کہا۔ کچھ صارفین کی رگ ظرافت پھڑکی تو انہیں نے فائر ورکس کی کمی کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کوئی پٹاخہ، پھلجڑی، انار ہی جلا دے۔
کئی صارفین نے کہا کہ اچھا موقع ہے کہ شادی کے پیسے لوٹو اور پھر اس سے گاڑی میں پٹرول ڈلوا لو۔
ایک صارف نے اس کی وجہ اسمارٹ لاک ڈاؤن قرار دیتے ہوئے کہا کہ باقی سب کچھ جلد بند ہو جاتا ہے لیکن پٹرول پمپ مستقل کھلے رہتے ہیں، اس لیے یہاں تقریب منعقد کی گئی۔