قمیص ہو یا شرٹ آپ نے کبھی غور کیا کہ بٹن کے نیچے والے کاج یا سوراخ اوپر سے نیچے یا عمودی ہوتے ہیں مگر سب سے اوپر یعنی کالر والے بٹن کے لیے کاج سیدھی لکیر یا افقی لکیر کی شکل کے ہوتے ہیں۔
تو ایسا کیوں ہوتا ہے ؟ اس کی وجہ وہ نہیں جو آپ کا خیال ہوسکتی ہے۔
شرٹس کے ڈیزائن کی متعدد تفصیلات کی طرح بٹنوں کے سوراخ کے پیچھے بھی کافی دلچسپ اور عملی وجہ چھپی ہوئی ہے۔
امریکا کی شرٹس تیار کرنے والی ایک معروف کمپنی کے صدر کرس اوبرڈنگ نے اس کا جواب دیا۔
انہوں نے بتایا ‘عام شرٹ میں سب سے اوپری بٹن کا سوراخ سیدھی لکیر میں اس لیے ہوتا ہے تاکہ بٹن اور سوراخ کھچنے پر زیادہ دباؤ برداشت کرسکے’۔
انہوں نے بتایا کہ بٹن کے عمودی سوراخ دوسرے ڈیزائن کے مقابلے میں زیادہ کمزور ہوتے ہیں اور ان کے بٹن ٹوٹنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
افقی ڈیزائن کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ اگر ٹائی کا استعمال کیا جائے تو وہ آپ کے نکالے بغیر شرٹ سے الگ نہ ہوسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ شرٹ کے اس حصے پر دباؤ دیگر حصوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے بالخصوص اس وقت جب کالر کے بٹن کو بند کرکے ٹائی کو لگایا جائے۔
اور ہاں بیشتر افراد کو تو یہ بھی علم نہیں کہ کالر میں بٹن والی قمیض کو بٹن ڈاؤن شرٹ کہا جاتا ہے جبکہ جن میں یہ بٹن نہیں ہوتا انہیں بٹن اپ شرٹ کہا جاتا ہے۔