شام کی فوج نے درعا شہر میں “شہداء حوران” نامی دہشت گرد گروہ کے تیس عناصر کو ہلاک کردیا ہے-
الان ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق شام کے فوجیوں نے ملک کے جنوبی علاقے میں واقع درعا شہر میں دہشت گرد گروہ “شہداء حوران” کے عناصر پر حملہ کر دیا- شام کی فوج کے حملے میں اس دہشت گرد گروہ کے تیس عناصر ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی تین گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں- ان گاڑیوں میں مشین گنیں نصب تھیں- دریں اثنا شام کے فوجیوں نے سویدا کے علاقے میں الثہلہ کے ہوائی اڈے کے جنوب میں تل الشیخ حسین کا کنٹرول بھی اپنے ہاتھ میں لے لیا اور متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے- دوسری جانب دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ نے ایک بیان جاری کرکے درعا میں مسلح گروہوں کے کمانڈروں کی ایک میٹنگ کے دوران شام کی فضائیہ کی بمباری کی تصدیق کر دی ہے- اس بمباری میں دہشت گرد گروہوں کے متعدد سرغنے ہلاک ہو گئے تھے- ادھر درعا کے مضافات میں شام کی فوج کے ساتھ جھڑپ میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ باقی عناصر نے راہ فرار اختیار کر لی- واضح رہے کہ شام میں سنہ دو ہزار گیارہ سے اب تک دو لاکھ بیس ہزار سے زیادہ افراد تشدد اور بدامنی کے واقعات میں جاں بحق اور کئی لاکھ شہری بے گھر ہو چکے ہیں-