لکھنؤ۔ مولانا آزاد میموریل اکادمی نے مولانا ابوالکلام کے یوم پیدائش کے موقع پر ہونے والے کل ہند مضمون نویسی مقابلہ میں مضامین جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اب آخری تاریخ ۱۰؍دسمبر مقرر کر دی ہے۔ اکادمی کے سکریٹری ڈاکٹر عبدالقدوس ہاشمی نے بتایا کہ مختلف کالجوں اور اسکولوں کے ذمہ داران کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے یہ توسیع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جونیئر گروپ میں درجہ ۸ سے ۱۲ تک کے طلباء شامل ہیں جن کیلئے ’موجودہ اسکولی تعلیمی نصاب ، در پیش سماجی مسائل‘ مقرر کیا گیا ہے جبکہ سینئر گروپ میں گریجویٹ سے ریسرچ اسکالر تک کے طلباء شامل ہیں جن کیلئے ’ہندوستان کی مشترکہ تہذیب اور مولانا آزاد کی وراثت‘ کا عنوان منتخب کیا گیا ہے۔