لکھنؤ۔(نامہ نگار)مشترکہ نرس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نرسوں نے گاندھی مجسمہ پر دھرنا دے کر وزیر اعلیٰ کو مخاطب عرضداشت سونپی ہے۔ تنظیم کے صدر پربھاکر دویدی نے بتایا کہ اترپردیش کے تمام ٹھیکہ اسٹاف نرسیز جو ۲۰۰۷ سے اب تک تعینات ہیں مستقل اسٹاف نرسیز کے مساوی ڈیوٹی کرتی ہیں لیکن ان کی شرح تنخواہ سے کافی کم ہیں ساتھ ہی کسی قسم کی دیگر سہولیات بھی مستقل اسٹاف نرسیز کے برابر نہیں ہے۔ کام زیادہ اور مسلسل کرنے کے بعد بھی انہیں مایوس کیا جاتاہے ۔ اکثر ٹھیکہ اسٹاف نرسیز کی عمر بھی طے شدہ عمر کی حد چالیس برس کے مساوی اور اس سے زیادہ عمر کی ہوگئی ہے۔ جس کے سبب ان ٹھیکہ اسٹاف نرسیز کا مستقبل تاریک دکھ رہا ہے۔ اس لئے دیگر محکموں کے ٹھیکہ ملازمین جیسے تعلیم دوست ( محکمہ تعلیم) جل نگم ( محکمہ آبپاشی) اے این ایم ( محکمہ صحت) پی ڈبلیو ڈی وغیرہ کی طرح انہیں بھی جلداز جلد مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔