لکھنؤ۔(نامہ نگار)کانگریس نے ریاستی حکومت پر سنجے گاندھی پی جی آئی میں غریبوں کو ملنے والی طبی سہولیات کی قیمت دوگنی کرنے کو ناانصافی والا قدم بتایا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ غریبوں کو مفت علاج کا دعویٰ کرنی والی سماج وادی پارٹی حکومت غریبوں کی تئیں پوری طرح غیر حساس ہے۔ پارٹی نے پی جی آئی میں ملنے والی طبی سہولیات مہنگی کرنے کے فیصلے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی ریاست کے سبھی اہم اسپتالوں ، ابتدائی صحت مرکزوں اور عوامی صحت مرکزوں میں طبی سہولیات دستیاب کرانے کیلئے سخت قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان سدھارتھ پریہ شریواستو نے کہا کہ حکومت عوام کی محنت کی کمائی غریبوں کے بہتر علاج اور صحت کی تشہیر میں خرچ کرتی ہے۔ لیکن غریبوں کو اسپتالوں میں داخل نہیں کیا جاتاہے بلکہ بھگادیا جاتاہے ۔ انہوں نے بہرائچ کے دیش راج موریہ کو پچھلے آٹھ دنوں سے کوما میں ہونے کے باوجود مختلف اسپتالوں سے بھگانے کا الزام لگایا۔ مسٹر شریواستو نے کہا راجدھانی کے اسپتالوں کی حالت یہ تو اضلاع کے اسپتالوں کا اندازہ آسانی سے لگایا جاسکتاہے۔ انہوںنے الزام لگایا کہ احمدحسن کے وزیر صحت بننے کے بعد سے ریاست میں طبی سہولیات برباد ہوگئی۔ خانہ پری کے نام پر معائنہ کیلئے نکلے وزیر کو دورے میں عوامی سہولیات نہیں ملیں۔ زیادہ تر ڈاکٹروں کے غیر حاضری ملنے کے باوجود کوئی بڑی کارروائی نہ کرکے وزیر فوٹو کھینچوانے میں مصروف رہے۔ انہوںنے الزام لگایا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو طبی سہولیات دستیاب نہیں ہورہی تو غریب مریض نجی اسپتالوں میں علاج کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔