نئی دہلی، 12 فروری (یواین آئی) دہلی اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل کرنے کے بعد عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال 16 فروری کو تیسری بار وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیں گے۔حلف برداری کی تقریب دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں صبح 10 بجے ہوگی۔ مسٹر کجریوال کے ساتھ ان کی کابینہ کے وزیر بھی حلف لیں گے۔
آپ لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بدھ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ صبح ہونے والی پارٹی کے ممبران اسمبلی کی میٹنگ میں مسٹر کجریوال کو متفقہ طور پر پارٹی ممبران کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب تمام 62 ممبران اسمبلی نے ایک سر میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے لئے مسٹر کجریوال کی حمایت کی۔
مسٹر سسودیا نے دہلی کے عوام سے حلف برداری کی تقریب میں حصہ لینے کے لئے رام لیلا میدان پہنچنے کی اپیل کی۔