اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں ایکسپریس وے پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جہاں ایک سلیپر بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثے میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، واقعے کے وقت بس میں 35 مسافر سوار تھے اور کئی لوگ شدید جھلس گئے ہیں۔ اب تک اس حادثے میں تا حال نو افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقعے پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
گریٹر نوئیڈا کے یمنا ایکسپریس وے پر ڈبل ڈیکر بس میں بھیانک آگ لگنے سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔
بس میں دو درجن سے زائد مسافر سوار تھے، جن میں سے خواتین سمیت نو افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں اور جیور پولیس انتظامیہ نے گھنٹوں ریسکیو آپریشن چلا کر دیگر مسافروں کو باہر نکالا۔
یہ ایک انتہائی المناک واقعہ تھا۔ ڈبل ڈیکر بس کی چھت پر سامان لدا ہوا تھا اور چلتی گاڑی میں رکھے اسی سامان میں آگ لگنے سے شعلو ں کی شدت بڑھ گئی۔ یمنا ایکسپریس وے پر جلتی ہوئی بس کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔
نوئیڈا سے تقریباً 34 کلومیٹر دور، جیور کارگو ایئرپورٹ کے قریب ایک ٹورسٹ بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگتے ہی مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا،
تاہم بیشتر مسافر اپنی جان بچانے کے لیے بروقت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ وہیں آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی زد میں لے لیا۔
اس سے قبل چیف فائر آفیسر نے حادثے سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نقصان کا حتمی اندازہ لگانے اور ہلاکتوں کی صحیح تعداد کی تصدیق کے لیے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔