دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے خوف کے باعث جہاں بڑے اجتماعات کو عارضی طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا وہیں ہولی وڈ کی بڑی پروڈکشن کمپنیوں نے بھی اپنی فلموں کی ریلیز مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
رواں ماہ کے آغاز میں یونیورسل اسٹوڈیوز نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث بڑے بجٹ کے ساتھ بننے والی مشہور زمانہ ہولی وڈ فلم سیریز ‘جیمز بانڈ’ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی ریلیز مؤخر کردی گئی۔
جبکہ اب اس فلم کو رواں سال اپریل کے بجائے نومبر میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اور اب ‘فاسٹ اینڈ فیوریس’ سیریز کی 9ویں فلم کی ریلیز بھی روکنے کا اعلان کردیا گیا۔
یونیورسل پکچرز نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ریلیز ہونے والی فلم فاسٹ اینڈ فیوریس 9 کو اب اگلے سال 2 اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔
ہولی وڈ اداکار ون ڈیزل کی یہ ایکشن فلم دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ’کورونا وائرس‘ کے خوف کی وجہ سے منسوخ کی گئی۔