اینٹی بایوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت کرنے والے جراثیم کا بڑھتا ہوا خطرہ ایک بار پھردنیا بھر کے سائنس دانوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ایسا چند برسوں میں سامنے آنے والے طبّی شواہد کی بنیاد پر ہوا ہے۔واضح رہے کہ دو برس قبل چین میں سائنس دانوں نے انسانوں اور مویشیوں میں تمام اقسام کے علاج کی ناکامی کے بعد آخری حربے کے طور پر استعمال کی جانے والی دواوں کے خلاف مدافعت کرنے والے بیکٹیریا دریافت کیے تھے ۔ اس دریافت کے بعد سائنس دانوں نے متنبہ کیاتھا کہ دنیا اینٹی بایوٹکس کے بعد والے دور میں داخل ہو رہی ہے۔









