نیویارک،23 ستمبر (یواین آئی) امریکہ میں عالمی وبا کورونا وائرس’کووڈ19‘ کے نئے کیسز میں کمی کے باوجود اس مہلک وائرس کا اثراب بھی برقرارہے ، ملک میں منگل کو کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ کو عبور کر گئی ۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے امریکہ میں اب تک 68،56،884 افراد متاثر ہوئے ہیں اوراموات کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر کے 200،005 ہوگئی ہے۔
نیو یارک میں کورونا سے سب سے زیادہ 33،092 اموات ہوئی ہیں جبکہ نیو جرسی میں 16،069 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ، اس کے علاوہ ، کورونا سے ٹیکساس ، فلوریڈا اور کیلیفورنیا میں 13 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
قابل غور بات یہ ہے کہ کوروناوائرس سےامریکہ دنیا کا سب سے زیادہ متاثرملک ہے اور دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کا تقریبا20 فیصد امریکہ میں ہے ۔ حالانکہ امریکہ میں 27 مئی تک ایک لاکھ افراد کی موت ہوگئی تھی اور مرنے والوں کی تعداد دولاکھ تک پہنچنے میں چار ماہ لگے تھے۔
واشنگٹن یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلیوایشن کی پیش گوئی کے مطابق یکم جنوری 2021 تک کورونا سے امریکہ میں 370،000 سے زیادہ امریکیوں کی موت ہوسکتی ہے۔