نئی دہلی،4 اکتوبر(یواین آئی) صارفین اورفوڈ اینڈ سپلائی کے مرکزی وزیررام ولاس پاسوان کے دل کا آپریشن کیا گیا ہے۔
84 سالہ پاسوان طویل عرصہ سے علیل ہیں اورعلاج کے لئے دہلی کے ایک اسپتال میں داخل ہیں۔
پاسوان کے بیٹے اوررکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے اتوار کے روز کہا تھا کہ اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کے دل کا آپریشن کرنا پڑا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا ’’پاپا گزشتہ کئی دنوں سے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ اچانک پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے ان کے دل کا دیر رات آپریشن کرنا پڑا۔ اگر ضرورت پڑی تو کچھ ہفتوں کے بعد ایک اور آپریشن کرنا پڑے گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں میرے اور میرے کنبہ کے ساتھ کھڑے ہونے کے لئے آپ سب کا شکریہ۔‘‘
لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چراغ پاسوان ہفتے کے روز پٹنہ میں تھے جہاں بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا لیکن وہ اپنے والد کی طبیعت خراب ہونے کے بعد دہلی واپس آگئے تھے۔