نئی دہلی،4 نومبر(یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کی گرفتاری کو پریس کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایمرجنسی کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔
ممبئی میں آج پولیس کے ذریعہ ارنب کی گرفتاری کے بعد مرکزی حکومت کے مختلف وزرا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے ٹویٹ کرکے اس کی مذمت کی۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ٹویٹ کرکے کہا،’’کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے ایک بار پھر جمہوریت کو شرمسار کیا ہے۔ریپبلک ٹی وی اور ارنب گوسوامی کے خلاف ریاستی طاقت کا غلط استعمال انفرادی آزادی اور جمہوریت کے چوتھےستون پر حملہ ہے۔یہ ہمیں ایمرجنسی کی یاد دلاتا ہے۔آزاد پریس پر حملے کی مخالفت کی جانی چاہئے اور کی جائے گی۔‘‘
ارنب گوسوامی کو آج صبح پولیس نے ممبئی میں ان کےگھر سے گرفتار کرلیا۔رپورٹوں کے مطابق صحافی کو ایک پرانے معاملے میں خودکشی کرنے کے لئے اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔