بیجنگ؛عالمی وبا کووڈ ۔19 کا مرکزبنے چین میں ایک بار پھر اس وائرس نے دستک دے دی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 130 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ہفتے کے روز بتایا کہ کورونا کے 130 نئے معاملات میں سے 115 کیسز مقامی منتقلی کے ہیں جبکہ باقی 15 معاملات بیرونی ہیں۔
کمیشن نے اپنی یومیہ جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبہ ہیبی میں 90، ہیلونگ جیانگ میں 23 اور بیجنگ میں کورونا کے دو نئے کیس درج کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران کورونا سے کسی شخص کی موت نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ چین میں کورونا سے اب تک 97،448 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وبا کے پھیلنے سے ملک میں 4796 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔