شادی سے متعلق مسلسل تنازعات کا شکار رہنے والی راکھی ساونت نے بلآخر اعتراف کرلیا کہ ان کی رتیش سے قانونی طور پر شادی نہیں ہوئی۔ریئلٹی شو بگ باس 15 میں جب راکھی ساونت سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے اپنے شوہر رتیش سنگھ کو دنیا کے سامنے لانے کےلیے اس پلیٹ فارم کا استعمال کیوں کیا؟ تو اس پر انہوں نے جواب دیا کہ گزشتہ سیزن میں جب میں نے کہا کہ میں شادی شدہ ہوں تو کسی نے بھی میری بات کا یقین نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ رتیش نے مجھے یہ پیشکش کی کہ وہ بھارت آئیں گے اور ایک ریسپشن رکھیں گے جہاں وہ باضابطہ طور پر شادی کا اعلان کریں گے، تاہم اسی دوران مجھے بگ باس 15 کی پیشکش ہوگئی جسے میں نہ نہیں کہہ سکی۔
راکھی کا کہنا تھا کہ یہ وہ موقع تھا جب میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں اپنی شادی کا اعلان بگ باس 15 میں کروں گی، یہ شو بہت مشہور ہے اور دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے، جس نے میرے لیے یہ آسان بنایا کہ میں دنیا کو اپنی شادی کے بارے میں بتاسکوں۔
ساتھ میں راکھی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ رتیش کا بینک بیلنس دیکھ کر ان سے شادی کے لیے راضی ہوئی، جبکہ اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان کی شادی کی رسم ہوٹل کے ایک کمرے میں ہوئی۔
راکھی نے کہا کہ رتیش مجھ پر ترس نہ کھاؤ، اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں ایک اچھی خاتون ہوں اور آپ کے پیار کے قابل ہوں تو پھر صرف اس رشتے کو آگے بڑھاتے ہیں۔
ساتھ میں راکھی نے رتیش سے اپنے حق کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانونی طور پر شادی شدہ نہیں ہیں، لیکن اب میں کسی طرح کی مہربانی نہیں بلکہ اپنی زوجیت کے حقوق چاہتی ہوں، آپ مجھے میرج سرٹیفکیٹ دیں تاکہ ہم اپنی زندگی ایک ساتھ گزار سکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو پھر ہم ایک ساتھ نہیں رہ سکتے اور پھر ہمیں اپنی راہیں جدا کرنی پڑ جائیں گی۔