نئی دہلی، 6 اپریل (یو این آئی) ملک میں گزشتہ 16 دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 14ویں بار اضافہ کیا گیا ہے۔ اس دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بدھ کو ان دونوں ایندھن کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کیا۔
قومی راجدھانی دہلی میں آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول 105.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 96.67 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
وہیں ممبئی میں آج 84 پیسے کے اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 120.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 85 پیسے سے بڑھ کر 104.77 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشے پر تیل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 137 دنوں کے استحکام کے بعد 22 مارچ 2022 سے بڑھنا شروع ہو گئی ہیں۔ کمپنیوں نے 24 مارچ اور یکم اپریل کو چھوڑ کر ہر روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ لندن برینٹ کروڈ آج 0.23 فیصد اضافے کے ساتھ 106.88 ڈالر فی بیرل اور امریکی کروڈ 0.01 فیصد اضافے کے ساتھ 101.97 ڈالر فی بیرل پرپر کاروبار کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔
آج ملک کے چار بڑے میٹرو میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اس طرح ہیں:-
میٹرو شہر….پیٹرول….ڈیزل (روپے فی لیٹر)
دہلی…………105.41…….96.67
کولکتہ ……115.12…….99.83
ممبئی …………120.51…….104.77
چنئی …………… 110.85 ……….. 100.94