لکھنؤ: سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کی پالیسیوںمیں کوئی فرق نہیں ہے دونوں پارٹیاں ایک جیسی ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں حکومتوں نے مدھیہ پردیش میں زبردست بدعنوانی اور لوٹ کی ہے۔
پچھڑوں، دلتوں اور قبائلیوں کو دھوکہ دیا ہے۔ ان طبقوں کو غریب بنائے رکھا دونوں پارٹیوں نے مدھیہ پردیش میں پچھڑوں کا27فیصد ریزرویشن نافذ نہیں ہونے دیا۔ دوشنبہ کو مدھیہ پردیش کے دموہ ، بہوری بند اور مہاراجپور اسمبلی حلقہ میں ایس پی امیدواروں کی حمایت میں منعقد انتخابی جلسوں میں اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی اورکانگریس کی غلط پالیسیوں سے کسان پریشان ہے۔ نوجوانوں کو ملازمت نہیں ملی، مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے، ہر طبقہ مایوس ہے پہلے کانگریس کی غلط پالیسیوں نے غریب، کسان اور نوجوان کو پیچھے کر دیا اب بی جے پی بھی اسی راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے دونوں پارٹیوں کے خلاف ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی کسانوں، غریبوں اور نوجوانوں کے حق اور سماجی انصاف کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ اکھلیش نے کہا کہ ملک میں1931 تک ذات پر مبنی مردم شماری ہوتی تھی لیکن کانگریس نے آزادی کے بعد اسے روک دیا۔ بی جے پی ذات پر مبنی مردم شماری کی مخالفت کرتی ہے۔ جب سے پسماندہ ، دلت اور قبائلی بیدار ہو گئے ہیں یہ پارٹیاں اپنی پالیسیاں بدلنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح سے اب پی ڈی اے کی طاقت سے بی جے پی گھبرائی ہوئی ہے۔ سماجوادی لوگ جب حکومت میں آئیں گے تو ذات پر مبنی مردم شماری کرا کر سبھی ذاتوں کو آبادی کے تناسب میں حقوق دلائیں گے۔