لکھنؤ: راجستھان کےجے پور سے بہار جارہی ڈبل ٹیکر بس کاکوری کے پاس بے قابو ہوکر پلٹ گئی۔ حادثے میں قریب 20 سواریاں زخمی ہوگئیں۔ 6 لوگوںکو سنگین چوٹیں آئی ہیں۔ راہگیروں سے اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو اسپتال میں بھرتی کرایا ہے۔ واردات کےبعد ڈرائیور بس چھوڑکر فرار ہوگیا ہے۔
انسپکٹر کاکوری نواب احمد کے مطابق منگل کی رات آگرہ ایکسپریس وے کی طرف سے آرہی ڈبل ڈیکر بس بے قابو ہوکر پلٹ گئی تھی۔ بس میں قریب 30مسافر سوار تھے جس میں سے 20 لوگوںکو ہلکی چوٹیں لگی ہیں۔
6 لوگ سنگین طور سے زخمی ہوگئے۔ انسپکٹر نے بتایاکہ بس جے پور سے بہار جارہی تھی۔ حادثہ موندا گاؤں رام لیلا میدان کے پاس ہوا ہے۔ راہگیروں نے فون کرکے پولیس کو اطلاع دی تھی۔ زخمیوںکو لوک بندھو اور سی ایچ سی میں لے جایا گیا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق حادثے کے وقت بس کی رفتار کافی تیز تھی۔
ڈرائیور یا تو اپنا قابو کھوبیٹھا یا پھر اس کو جھپکی آگئی۔ بس میںسوار زیادہ تر لوگ مزدور ہیں۔ شروعاتی جانچ میں کچے راستے پر بس کا پہیہ اترنے سے حادثہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ بس ایک نجی ٹریول ایجنسی کی ہے جو جے پور سے بہار کے درمیان چلتی ہے۔