مرآداباد: رمضان کا مقدس مہینہ رواں ہے۔ اس ماہ میں مسلمان روزے رکھتے ہیں اور افطار کے وقت کھجور سے روزہ کھولنا پسند کرتے ہیں۔ افطار میں کھجور کا استعمال ہمارے نبی کا طریقہ رہا ہے۔
رمضان کے مقدس مہینے میں وقتِ افطار ہر گھر میں کھجور کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ماہ رمضان میں کھجور انسان کے لیے ایک بڑی نعمت ہے جس کے تناول سے دن بھر کی تھکان اور کمزوری فوری طور پر رفع ہو جاتی ہے۔ کھجور ایک میٹھا پھل ہے جو ایران اور سعودی عرب میں کثرت سے پایا جاتا ہے، ہمارے ملک ہندوستان میں بھی اس کی کاشت کی جاتی ہےاور اس کا مزاج گرم خشک ہوتا ہے۔
غذائیت سے بھرپور کھجور كو ہر زمانے میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ کئی طبی فوائد اور دلخوش ذائقہ کی بنا پر سال بھر کھجور کا استعمال کیا جاتا ہے۔ مگر رمضان کے مقدس مہینے میں اس کا استعمال کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
روزے دار اپنا روزہ کھولنے کے لیے کھجور کا استعمال کرتے ہیں،کھجور کا شربت بنا کر پینے سے دل کو تسکین کا احساس ہوتا ہے اور کثیر الغذا ہونے کے باعث یہ جسم کو فوری طور پر تقویت بخشتی ہے۔
کھجور میں وٹامن اے اور فولاد کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے یہ جسم کو فربہ کرنے اور تقویت دینے کا کام کرتی ہے۔ کھجور قوتِ مدافعت کو برقرار رکھتی ہے علاوہ ازیں کثیر الغذا ہونے کی وجہ سے اس میں بھرپور غذائیت پائی جاتی ہے اور روزہ کے دوران دن بھر کی کمزوری کو فوری طور پر دور کر دیتی ہے۔ کھجور میں شکر کثیر تعداد میں موجود رہتی ہے مگر یہ جلدی ہضم ہو جاتی ہے۔
کھجور کی مقدار کی بات کریں تو اسے طاق مقدار میں لینا بہتر ہوتا ہے یعنی ایک تین یا پانچ کھجور استعمال کی جا سکتی ہیں۔
وقت افطار روزہ کھولنے کے لیے کھجور استعمال کرنے کے تعلق سے کئی احادیث بھی موجود ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم افطار کے وقت کھجور کا استعمال کیا کرتے تھے،
اس طرح افطار کے وقت کھجور کے استعمال کی شرعی حیثیت بھی ہے جس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے نبی نے وقتِ افطار کھجور کا استعمال کیا ہے اور کھجور کا استعمال سنت مستحبہ ہے۔