بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے جمعرات کو بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم کے سامنے بھگدڑ کے لیے پولیس کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے سخت کارروائی کرتے ہوئے بنگلور پولیس کمشنر اور کئی سینئر پولیس افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس بھگدڑ میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی۔
اس کے علاوہ انہوں نے آر سی بی، ڈی این اے ایونٹ منیجرز اور کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) کے نمائندوں کی گرفتاری کا بھی حکم دیا ہے، جب کہ کیس کی جانچ کرناٹک ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج مائیکل کنہا کی سربراہی میں ایک رکنی عدالتی کمیشن کو سونپ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ بھگدڑ بدھ کی شام اسٹیڈیم کے سامنے ہوئی، جہاں آر سی بی ٹیم کی آئی پی ایل جیت کا جشن منانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ سی ایم سدارامیا نے کہا کہ آج کابینہ کی میٹنگ ہوئی اور بدھ کے سانحہ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کابینہ نے کمیشن سے اس واقعے کی جانچ رپورٹ 30 دن میں پیش کرنے کو کہا ہے۔
کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ریاست کے ڈی جی پی اور آئی جی پی کو ہدایت کی ہے کہ وہ آر سی بی، ڈی این اے ایونٹ منیجرز اور کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو فوری طور پر گرفتار کریں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کیوبن پارک پولیس اسٹیشن کے سرکل پولیس انسپکٹر اور اس مخصوص علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، سینٹرل زون کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس، اسٹیڈیم کے انچارج ایڈیشنل پولیس کمشنر اور بنگلورو شہر کے پولیس کمشنر کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی پی ایل کا فائنل منگل کو کھیلا گیا
آئی پی ایل 2025 کا فائنل تین جون کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا، جس میں آر سی بی نے پنجاب کو شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی فتح کا جشن منانے کے لیے اگلے دن یعنی چار جون کو فتح پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔
یہ پروگرام چنا سوامی اسٹیڈیم میں ہونا تھا۔ جانکاری کے مطابق اس اسٹیڈیم کی گنجائش 35 ہزار ہے تاہم ٹیم کے 2 سے 3 لاکھ سے زائد شائقین یہاں آئے تھے۔ بھاری ہجوم کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور صورتحال قابو سے باہر ہو گئی۔