نئی دہلی : کانگریس نے کہا ہے کہ ایک دن پہلے پارٹی نے پریس کانفرنس کر کے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے دور حکومت پر سوالات کا جواب دینے کا چیلنج دیا تھا، لیکن آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا کو 11 سال کی حصولیابیوں کا حساب کتاب پیش کرنے کے لیے پریس کے سامنے لایا جا رہا ہے۔
کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جے رام رمیش نے کہا کہ جب مسٹر مودی کے لئے چیلنج تھا تو پھر مسٹر نڈا کو پریس کے سوالوں کے جواب دینے اور 11 سال کی کامیابیوں کو شمار کرانے کے لئے کیوں بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے طنز کیا کہ کیا ہمیں اب تک سوال کرنے کے لیے موزوں چہرے نہیں ملے ہیں؟
انہوں نے کہا ’’کل ہم نے وزیر اعظم کو ان کے 11 سال کے اقتدار کے موقع پر پہلی بار بغیر اسکرپٹ اور بغیر تیاری کے پریس کانفرنس کرنے کا کھلا چیلنج دیا تھا، لیکن بی جے پی کے صدر جے پی نڈا آج سامنے آئیں گے، جنہیں دوپہر 12 بجے پریس سے بات کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے، تاکہ ان 11 سالوں کی ’حصولیابیوں‘ کا ڈھول پیٹا جا سکے۔
کانگریس ترجمان نے طنز کیا ’’توپھر وزیر اعظم اب بھی کیوں پرہیز کر رہے ہیں؟ کیا وہ اب بھی سوالات اور جوابات کو یاد کرنے میں وقت لگا رہے ہیں یا وہ ایسے ’سازگار‘ چہروں کی تلاش میں ہیں جو سوال کریں گے، لیکن مکمل طور پر فرمانبردارانہ انداز میں، یا بھارت منڈپم ابھی پوری طرح سے تیار نہیں ہے۔‘‘