چھوٹی الائچی کو محض کھانوں اور چائے کا ذائقہ بڑھانے والا مصالحہ سمجھنا ایک بڑی غلط فہمی ہے کیونکہ اس کے اندر صحت کے بیش بہا خزانے چھپے ہوئے ہیں۔
سبز الائچی کے بیج اور اس کا عرق روایتی ادویات میں صدیوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ خوشبودار الائچی اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش کم کرنے والے مرکبات سے بھرپور ہے جو انسانی جسم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اس میں شامل کارڈیمونن جیسے اجزاء کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بھی الائچی کا استعمال فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے، تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اسے کبھی بھی ہائی بلڈ پریشر کی باقاعدہ ادویات کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے، بلکہ اسے صرف ایک معاون غذا کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
نظام ہاضمہ کی درستگی اور معدے کے السر جیسے مسائل میں الائچی کا استعمال انتہائی سودمند رہا ہے۔ یہ معدے کی جملہ شکایات کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ سوزش کے عمل کو کم کرکے خلیات کو کسی بھی قسم کے آکسیڈیٹو نقصان سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اسی طرح منہ کی بدبو دور کرنے کے لیے الائچی چبانا ایک قدیم اور آزمودہ نسخہ ہے۔ اس کے عرق میں ایسے جراثیم کش مرکبات موجود ہیں جو منہ میں موجود بیکٹیریا کی افزائش کو روکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب اسے چیونگم اور دیگر اورل کیئر مصنوعات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
الائچی کے اینٹی بیکٹیریل اثرات انسانی صحت کے لیے ایک ڈھال کا کام کرتے ہیں۔ مختلف تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس میں موجود اجزاء فنگل انفیکشنز اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جو اسے ایک قدرتی اینٹی بائیوٹک بناتے ہیں۔
اگرچہ الائچی کے طبی فوائد پر بہت سی تحقیقات جاری ہیں، لیکن اس کا استعمال متوازن انداز میں کرنا ہی بہترین ہے۔ قدرت کا یہ تحفہ نہ صرف ذائقہ فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کی اندرونی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنا کر بیماریوں کے خلاف لڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔