کانپور (نامہ نگار)مختلف سماجی وکاروباری اداروںکے ذریعہ شہر کے درمیان سے گزرنے والی ریلوے لائن کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جاچکا ہے۔کچھ تنظیمیں انورگنج سے مندھانہ ریلوے لائن ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں اس کیلئے ایک کمیٹی تشکیل کی گئی ہے۔
تنظیموں اورسماجی کارکنان نے جمعہ کو بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی سے ملاقات کی اورریلوے لائن کو ہٹوانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔تنظیموں کا کہنا ہے کہ ریلوے لائن شہر کے اہم علاقوں میں سڑک جام کی اصل وجہ ہے۔ اس کی وجہ سے بہت سے حادثات ہوتے رہتے ہیں ریلوے پھاٹک بند ہونے کے بعد جام کے سبب ایمبولنس کے ذریعہ مریضوں کو اسپتال لے جانے میں مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے اس لئے ضروری ہے کہ ریلوے لائن کو ہٹادیا جائے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی نے تنظیموں کے عہدیداران کو اس معاملے پر غور کرنے اورمناسب کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کرنے والوں میں سنجے ڈنڈن، کپل سبروال ،پشپیندر جیسوال اوراست کشواہا وغیرہ شامل تھے۔