لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وکاس نگر علاقہ میں رہنے والے ایک مالی کی بیوی نے بیماری سے تنگ آکر اپنی جان دے دی۔ پولیس کو اس کے ہاتھ کا لکھا ایک خود کشی نوٹ بھی ملا ہے۔ ایس ایس آئی وکاس نگر دھرمیندر شکلانے بتایا کہ ہردوئی کا رہنے والا سنتوش موریہ مالی کا کام کرتا تھا۔ وہ وکاس نگر کے سیکٹر ایم میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ سنتوش کی گزشتہ ۱۴؍مئی کوشالنی سے شادی ہوئی تھی۔ شالنی کو پیٹ کی بیماری تھی اور اس کا علاج چل رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی شام سنتوش بیوی کیلئے جوس لینے گیا تھا اسی درمیان شالنی نے پنکھے میں ساڑی کے سہارے لٹک کراپنی جان دے دی۔ سنتوش جب گھر لوٹا تو بیوی کی لاش پنکھے سے لٹکتی ہوئی دیکھی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر وکاس نگر پولیس بھی پہنچ گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو شالنی کے ہاتھ کا لکھا ایک خود کشی نوٹ ملا ہے جس میں شالنی نے بیماری سے پریشان ہوکر اپنی جان دینے کی بات لکھی تھی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے شالنی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔