الہ آباد۔(یو این آئی)۔ ریاست میںآلودگی میں اضافہ اور سڑکوں پر گاڑیوں کی کثیر تعدادکے پیش نظر حکومت اب سائیکل کی سواری کو فروغ دے رہی ہے۔ریاست کے چیف سکریٹری آلوک رنجن نے دنیا کے کئی ممالک میں سائیکل کی سواری عام ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ریاست کے تمام ضلع مجسٹریٹوں کو خط ارسال کرکے لوگوں کو سائیکل کی سواری کی ترغیب دینے اور انفرااسٹرکچر فراہم کرانے کی ہدایت دی ہے۔
مسٹر رنجن نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک ہالینڈ، ڈنمارک، جرمنی، برطانیہ اور چین کو آلودگی اور سڑکوں پر گاڑیوں کی کثیر تعدادکے سبب مختلف مسائل درپیش ہیں جس کے حل کیلئے وہاں کے شہریوں نے روزمرہ کے کام کاج کے لئے سائیکل کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ ممالک کی حکومتوں نے سائیکل کی سواری کو آسان بنایا ہے اور وہاں کے بیشتر شہری دفتر جانے یا چھٹی کے دوران سائیکل کی سواری کو ترجیح دے رہے ہیں ۔مسٹر رنجن نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں سائیکل کی سواری کو عام کرنے کے لئے شہروں میں کچھ بندوبست ضروری ہے تاکہ لوگوں کو تحفظ کا یقین پیدا ہو سکے۔