میرٹھ(بھاشا)۔ضلع کے تھانہ ممانہ علاقہ میں ایک کاشت کار کو گولی مار کر قتل کردیا گیا جب کہ اس کا بھتیجہ گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ۔ مشتعل لوگوں نے کئی گھنٹے تک میرٹھ ،پوڑھی سڑک پر جام لگادیا ۔ علاقہ میں کشیدگی کے سبب جائے موقع و قرب و جوار کے گاؤں میں احتیاط کے طورپر پولیس عملہ کو تعینات کردیا گیاہے ۔ ایس ایس پی اوم کار سنگھ کے مطابق اس واقعہ کے سلسلے میں پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار ک
یا ہے ۔ باقی ملزمین کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ایس ایس پی نے فی الحال حالات کو معمول کے مطابق بتایا ہے ۔ پولیس کے مطابق اس واقعہ میں ہلاک ہونے والا شخص نلوہا گاؤں کا باشندہ کاشت کار نریندر سنگھ اتوار کو اپنے بھتیجے مونو کے ساتھ موٹر سائیکل سے نلوہا گاؤں جارہا تھا ۔ ممانہ پور بائی پاس کے قریب بھیسا گاؤں کے دو حملہ آوروں نے گولی چلا دی ۔گولی لگنے سے نریندر کی موت وہیں ہو گئی ۔ جب کہ زخمی مونو گنے کے کھیتوں میں چھپ گیا ۔ پولیس نے اس واقعہ میں زخمی مونو کی تحریر پر نلوہا گاؤں کے دین محمد عرف دینو ، آشو ، انیس ، ہمایوں اور عرفان کے خلاف نامزد مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس نے ہمایوں اور انیس کو آج گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ سال نلوہا گاؤں کے منشی اور کلو کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا ۔ دوہرے قتل میں گاؤں کے دوسرے فرقے کے چار افراد جیل میں قید ہیں ۔ ان میں اتوار کو مرنے والے نریندر کا بیٹا اشونی بھی شامل ہے۔