لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اندرا نگر علاقہ میں رہنے والے ایک مزدور نے آج صبح اپنے گھر میں پھانسی لگاکر جان دے دی۔ پولیس کو اس کے ہاتھ کا لکھا ایک خود کشی نوٹ بھی ملا ہے۔ نوٹ میں اس نے معاشقہ کے سبب خود کشی کرنے کی بات لکھی ہے۔ اندرا نگر کے ہرداسی کھیڑا کی ڈوڈا کالونی میں پرائیویٹ گارڈ اشوک اپنی اہلیہ مادھوری اور ۱۹ سالہ بیٹے ابھشیک کے ہمراہ رہتا ہے۔ ابھیشیک مزدوری کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح کنبہ کے لوگ سوکر اٹھے۔ اشوک روز کی طرح اپنی ڈیوٹی پر چلا گیا اس کے بعد ابھیشیک نے گھر کے ایک کمرے کی چھت میں لگے کنڈے میں رسی کے سہارے لٹک کراپنی جان دے دی۔اس کی ماں کی نظر جب لاش پرپڑی تواس نے شور مچاد یا ۔شور ہوتے ہی آس پاس کے لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی موقع پر سب سے پہلے چنہٹ پولیس پہنچی۔ تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ معاملہ اندرا نگر کا ہے اس کے بعد اندرا نگر پولیس بھی موقع پر پہنچی اور تفتیش کے بعد ابھیشیک کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا۔ پولیس کو ابھیشیک کے ہاتھ کا خود کشی نوٹ بھی ملا ہے جس میں ابھیشیک نے معاشقہ کے سبب خود کشی کرنے کی بات کہی ہے۔