فتح پور (نامہ نگار)۔ٹریفک ماہ کے دوران عوام کو بیدار کرنے کے مقصد سے کانگریس کارکنان نے لوگوں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرانے کے لئے دستخطی مہم کا آغاز کیا۔ مہم کا آغاز ایس پی نے دستخط کرنے کے بعد کیا۔ جمعرات کو ٹریفک ماہ کے تحت سابق یوتھ کانگریس صدر اوصاف احمد کی قیادت میں کانگریس کارکنان نے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے لئے دستخطی مہم کا آغاز کیا۔ ایس پی ونود کمار سنگھ نے دستخطی مہم کا آغاز کیا۔ اس کے بعد جعفر گنج کے سی او نویش کٹیہار ،تھریاؤں کی سی او وندنا سنگھ ودیگر پولیس افسران نے دستخط کئے۔ مہمان خصوصی ایس پی ونود کمار سنگھ نے کہا کہ لوگوں کو ٹریفک قوانین کے تئیں بیدار کرنے کے لیے کانگریس کارکنان نے جو پہل کی ہے اس کا پولیس محکمہ خیر مقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے
کہ عوام مہم میں تعاون دے کر دیگر لوگوں کو بھی ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے لئے بیدار کریں گے ۔ اوصاف احمد نے کہا کہ ضلع کے لوگوں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے لئے تعاون دینا ہوگا۔ اور جو قوانین نافذ کئے جاتے ہیں ان پر عمل کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ۳۰؍نومبر کو مہم کے اختتام پر انتظامیہ کو مکمل تعاون دیاجائے گا۔ اس موقع پر رام نریش مہاراج ،آدتیہ شریواستو ایڈوکیٹ، شہاب علی ، نسیم صدیقی ، رضی محمد اور گرجا شنکر وغیرہ موجود تھے ۔