لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔گوسائیں گنج علاقہ میں آج دن دہاڑے مسلح بدمعاش ایک خاتون سے زیورات لوٹ لے گئے۔ خاتون نے جب بدمعاشوں کی مخالفت کی کوشش کی تو بدمعاشوں نے اس پر اسلحہ تانتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ اس واردات کے سلسلہ میں مقامی چوکی پر شکایت کی گئی ہے۔ گوسائیں گنج کے کلی کھیڑا گاؤں میں یشونت گوتم اپنی بیوی سویتا گوتم کے ہمراہ رہتا ہے۔ یشونت واٹر پروفی کا پرائیویٹ کام کرتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح تقریباً گیارہ بجے اس کی بیوی سویتا گاؤں کی ایک خاتون کے ساتھ رفع حاجت کیلئے گئی تھی۔
دونوں ساتھ ساتھ لوٹ رہی تھیں۔ سویتا پیچھے رہ گئی
اور اس کے ساتھ موجود خاتون آگے نکل گئی۔ سویتا جیسے ہی سڑک پر پہنچی ایک موٹرسائیکل سوار دو نوجوان وہاں آکر رکے۔ ایک نوجوان موٹر سائیکل سے نیچے اترا اور سویتا کے گلے سے منگل سوتر چھین لیا۔ سویتا نے بدمعاشوں کی مخالفت کرنا چاہا تو ایک بدمعاش نے اسلحہ نکال کر اس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ اسلحہ دیکھ کر سویتا سہم گئی۔
اس کے بعد بدمعاش نے سویتا سے کان کی جھمکی اور پیر کی پائل بھی چھین لی اور پھر موٹر سائیکل سے فرار ہو گئے۔ بدمعاشوں کے بھاگنے کے بعد سویتا گھر پہنچی اور اس بات کی اطلاع اہل خانہ کو دی۔ اہل خانہ چوکی پہنچے اور لوٹ کی تحریر پولیس کو دی۔ فی الحال اس معاملہ میں لوٹ کی رپورٹ درج نہیں کی گئی ہے۔