لندن۔اگلے برس کے وسط میں کینیڈا کی میزبانی میں خواتین فٹ بال کے عالمی کپ کے میچوں اور گروپ ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فیفا ویمن ورلڈ کپ کے ڈراز کا اعلان کینیڈین دارالحکومت میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔فٹ بال کھیل کے عالمی ادارے فیفا کی نگرانی میں ساتواں خواتین ورلڈ کپ کینیڈا میں سن 2015 میں کھیلا جائے گا۔ اِس ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ چھ جون کو ہو گا جو میزبان کینیڈا اور چین کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ افتتاحی میچ ایڈمنٹن شہر میں کھیلا جائے گا۔ خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ پانچ جولائی کو کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا کے شہر وینکْوور میں کھیلا جائے گا۔ خواتین ورلڈ کپ کیلئے کینیڈا کے چھ شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اِن شہروں میں دارالحکومت اوٹاوا، وینکْوور، مانٹریال، ایڈمنٹن، وینیپِگ اور مونکٹن شامل ہیں۔ خواتین ورلڈ کپ میں کل چوبیس ٹیمیں شامل ہیں۔ ڈراز میں اِن ٹیموں کو چھ گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ ہر گروپ میں چار چار ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔ گروپ سطح پر ہر ٹیم کو اپنے گروپ کی ہر ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنا ہوں گے۔ گروپ میچوں کی تکمیل کے بعد پہلی اور دوسری پوزیشن کی حامل ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی۔ بیس جون سے شروع ہونے والے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے آٹھ میچوں میں سولہ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ اِس کے بعد 26 جون سے کوارٹر فائنل مرحلے میں چا
ر میچ کھیلے جائیں گے۔ دو سیمی فائنل میچ تیس جون اور یکم جولائی کو مانٹریال اور ایڈمنٹن میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل میچ پانچ جولائی کو وینکْوور میں ہو گا۔ قرعہ اندازی کے بعدگروپ اے میں کینیڈا کے ساتھ چین، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ رکھے گئے ہیں۔ جرمنی گروپ بی میں ہے۔
جرمن خواتین ٹیم کے گروپ کی بقیہ ٹیموں میں آئیوری کوسٹ، ناروے اور تھائی لینڈ ہیں۔ ماہرین نے اِس گروپ کو نہ سخت اور نہ ہی آسان قرار دیا گیا ہے۔ جرمن خواتین دو مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکی ہیں۔ دفاعی چیمپیئن جاپان کو گروپ سی ملا ہے۔ اِس گروپ میں دوسری ٹیموں میں سوئٹزرلینڈ، کیمرون اور ایکواڈور شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ جاپان کی ویمن ٹیم کو گروپ سطح پر قدرے آسان ٹیموں کا سامنا ہو گا اور وہ آسانی سے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے۔ گروپ ڈی کو خواتین ورلڈ کپ کا سب سے سخت گروپ قرار دیا گیا ہے۔ اِس میں امریکا کی خواتین ٹیم کو آسٹریلیا، سویڈن اور نائجیریا کی مضبوط ٹیموں کا سامنا ہے۔ تجزیہ کاروں کی رائے کے جواب میں امریکی خاتون فارورڈ سڈنی لیروکس کا کہنا ہے کہ گروپ ڈی کے چیلنج کیلئے امریکی ٹیم تیار ہے۔ گروپ ای میں برازیل کے ساتھ اسپین، کوسٹا ریکا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں ہیں۔ یہ گروپ بھی قدرے سخت خیال کیا گیا ہے۔ چھٹا گروپ ایف ہے اور اِس میں فرانس، انگلینڈ، کولمبیا اور میکسیکو شامل ہیں۔