لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔فیس بک کے پیج پر اب لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی بھی نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ محکمہ کی ویب سائٹ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ فیس اور ویب سائٹ پر ایل ڈی اے کی سبھی کامیابیوں کو ڈالا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ایل ڈی اے کے وائس چیئر مین ستیندر سنگھ نے او ایس ڈی انوپم سروج کو ہدایت دی ہے۔اس کے علاوہ ویژن ۲۰۱۷ کی تھیم سانگ بھی بنائی ہے۔ ہاؤسنگ بورڈ کی طرز پر ایل ڈی اے کا بھی اپنا تھیم سانگ ہو گیا۔ اس تھیم سانگ کا استعمال موبائل میں کالر ٹون کی شکل میں کیا جا سکے گا۔ محکمہ جاتی افسران اور ملازمین کے سی یو جی نمبروں پر اب اسی تھیم سانگ کی کالر ٹون سنائی دے گی۔
قرعہ اندازی کے ذریعہ ۱۲۵ فلیٹوں کا الاٹمنٹ
لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی نے سرگم اپارٹمنٹ، ون استھلی اپارٹمنٹ، سنرائز اپارٹمنٹ اور پریجات اپارٹمنٹ کے خالی فلیٹوں کیلئے ایل ڈی اے افسران کے سامنے قرعہ اندازی کی۔ قرعہ اندازی میں سرگم اپارٹمنٹ کے اکیس، پریجات اپارٹمنٹ میں ۸۵، سنرائز اپارٹمنٹ کے ۱۴، اور ون استھلی اپارٹمنٹ کے ۵ فلیٹ الاٹ کئے گئے۔ یہ اطلاع لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی کے رابطہ عامہ افسر اما شنکر نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس قرعہ اندازی کے ذریعہ الاٹ کئے گئے فلیٹوں سے ایل ڈی اے کو تقریباً ۷۷ء۹۷ کروڑ روپئے کی آمدنی ہو گی۔
دو غیر قانونی زیر تعمیر عمارتیں سیل
غیر قانونی تعمیر کے خلاف چلائی جا رہی مہم کے تحت جمعہ کو ایل ڈی اے نے دو مقامات پر تعمیراتی کام روک کر سیل کرادیا۔ ایل ڈی اے نے پہلی کارروائی کانپور روڈ پر راجو اگروال ولد کنول کرشن اگروال پلاٹ نمبر ۶۵۹کا؍۲۷ اسنیہہ نگر برگواں پر منظور شدہ نقشہ کے برعکس کام کرایاجا رہا تھا جسے موقع پر جاکر سیل کرایا گیا۔اس کے علاوہ آشیانہ میں خسرہ نمبر ۱۵۹ بھدرک نزدیک خزانہ مارکیٹ میں غیر قانونی تعمیر کو ایل ڈی اے نے سیل کر دیا۔ یہ پراپرٹی مہیش پرتاپ سنگھ کی ہے۔
غیر قانونی تعمیر کو روکنے اور سیل کرنے والی ٹیم میں اے کے سنگھ ایگزیکٹیو انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر ، جونیئر انجینئر اور ایل ڈی اے ملازمین موجود تھے۔ سیل کی گئی عمارتوں کی ذمہ داری پولیس سپردگی میں کی گئی ہے۔