لکھنؤ۔(نامہ نگار)پی جی آئی علاقے میں جمعہ کی دوپہر چوروں نے ایک ایس پی او کے گھر کو نشانہ بنایا۔ چور ان کے گھر سے لاکھوں کے زیورات اور نقد روپئے چوری کرلے گئے۔ ایس پی او نے اطلاع کیلئے تھانہ انچارج کو فون بھی کیا۔ لیکن ایک گھنٹے تک ایس او نے فون نہیں اٹھایا۔
پی جی آئی کے ہیبت مئو کے مویا علاقے میں چشمہ دکاندرا اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔ ہری اوم پی جی آئی تھانے کے اسپیشل پولیس آفیسر بھی ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ جمعہ کی صبح دس بجے وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ اپنی بہن یہاں تیلی باغ گئے ہوئے تھے۔ اس درمیان چوروں نے ان کے گھر کو اپنا نشانہ بنایا۔اور تالاتوڑ کر اندر داخل ہوگئے۔ چور ان کے گھر سے تقریباً دو لاکھ روپئے کے زیورات اور پچاس ہزار نقد اٹھالے گئے۔ دوپہر تقریباً ڈیرھ بجے جب پورا کنبہ واپس گھر آیا تو دیکھا کہ گھر میں چوری ہوچکی تھی۔
ہری اوم نے اس کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی۔ کنٹرول روم سے پہنچے پولیس اہلکاروں نے تفتیش کرکے اس معاملے میں رپورٹ درج کرانے کی بات کہی۔ اور چلے گئے اس کے بعد ہری اوم شرما نے تھانہ انچارج پی جی آئی کو تقریباً ایک گھنٹہ تک کئی بار فون کیا لیکن تھانہ انچارج کا فون نہیں اٹھا۔