ممبئی: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ فلم ”دل والے” کی شوٹنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ فلم کے ہدایت کار روہت شیٹی ہیں۔
شاہ رخ خان کا ایک ایونٹ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے ہدایت کار روہت شیٹی وقت کے بہت زیادہ ہی پابند ہیں جس کی وجہ سے وہ فلم میں بڑی مشکل سے اداکاری کر پا رہے ہیں۔ شاہ رخ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حساب سے کام کرتے ہیں اور انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ وقت کے پابند ہیں جبکہ دیگر لوگوں کے مطابق وہ وقت کے پابند نہیں۔ شاہ رخ کا مزاحیہ انداز میں کہنا تھا کہ روہت شوٹنگ پر وقت سے 5 یا 10 منٹ پہلے پہنچ جاتے ہیں جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا انہیں کرنا پڑتا ہے۔ روہت شیٹی اور شاہ رخ خان اس سے قبل فلم چنائی ایکسپریس میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ فلم ”دل والے” میں شاہ رخ کے ساتھ کاجول، ورون دھون، کریتی سنن، اور ونود کھنہ بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔ دل والے اس سال 18 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔