غازی آباد: اترپردیش کے ضلع غازی آباد میں کل مختلف واقعات میں ایک جوڑے سمیت تین افراد نے خودکشی کرلی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بنیادی طورپر بنارس میں رہنے والے کرپاشنکر اپنی اہلیہ آرتی کے ساتھ تھانہ لونی بارڈر کی کمہار کالونی میں رہتے تھے اور شراب پینے کے عادی تھے ۔ کل شام وہ گھر میں بیٹھ کر شراب پی رہے تھے کہ اسی دوران انکی اہلیہ آرتی نے شراب پینے سے منع کیا لیکن وہ نہیں مانے ۔
غصہ میں آرتی نے دوسرے کمرے میں جاکر پھانسی لگالی۔کچھ دیر بعد جب کرپاشنکر دوسرے کمرے میں گئے تو آرتی پھانسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔ انہوں نے آرتی کی لاش کو نیچے اتارا اورخود بھی اسی پھندے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ آج صبح مکان مالک پرمود گرگ نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ایک دیگر واقعہ میں صاحب آباد تھانہ کے تحت ڈیفنس کالونی بھوپورا میں رہنے والے سریندر نے کل رات پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ مرنے والا شخص گھریلو جھگڑے کے سبب ذہنی طورپر پریشان تھا اور اسی وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔