واشنگٹن: امریکی ریاست اوہائیو کی ایک گھوڑی نے اپنی غیر معمولی لمبی دم کے ذریعے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
جینی نامی اس گھوڑی کی دم کی سرکاری سطح پر پیمائش 13 فٹ 6 انچ ریکارڈ کی گئی ہے جو اب دنیا بھر میں ایک منفرد اعزاز ہے۔
جینی کا تعلق امریکن سیڈل بریڈ نسل سے ہے جو اپنی خوبصورت اور لہراتی ہوئی دموں کے لیے دنیا بھر میں خاصی مقبول سمجھی جاتی ہے۔ اس گھوڑی کی مالکن میکنزی لو اور ریچل ایسٹس ہیں، جنہوں نے اس حیران کن کامیابی پر اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا ہے۔
میکنزی لو نے بتایا کہ جینی انہیں 2019ء میں ان کی تیرہویں سالگرہ کے موقع پر تحفے میں ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جینی جب چھوٹی تھی تو اس کی دم اتنی لمبی نہیں تھی اور ایک حادثے میں اس نے اپنی دم کا کچھ حصہ خود نقصان پہنچایا تھا۔
مالکن نے مزید کہا کہ جینی کے ان کے پاس آنے کے بعد دم کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی گئی، کیونکہ گھڑ سواری کے مقابلوں میں لمبی دم والے گھوڑوں کو کافی اہمیت دی جاتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جینی کی دم مسلسل بڑھتی رہی اور جلد ہی یہ اتنی طویل ہو گئی۔
میکنزی لو نے بتایا کہ دم کی غیر معمولی بڑھوتری دیکھ کر انہیں خیال آیا کہ شاید یہ عالمی ریکارڈ توڑ سکتی ہے، جس کے بعد انہوں نے گینیز ورلڈ ریکارڈ کے حکام سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ مسلسل دیکھ بھال اور بہترین خوراک کی بدولت یہ گھوڑی اب تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔
جینی کی اس منفرد خصوصیت نے نہ صرف اس کے مالکان کو مشہور کر دیا ہے بلکہ جانوروں سے محبت کرنے والوں کے لیے بھی اسے ایک دلچسپ مرکز نگاہ بنا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس گھوڑی کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور لوگ اسے قدرت کا ایک عجیب و غریب شاہکار قرار دے رہے ہیں۔