نیو یارک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے امریکا میں ہونے والی کرکٹ آل اسٹارز سیریز میں اپنے کیریئر میں لمبے عرصے تک حریف رہنے والے ہندوستانی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کی ٹیم میں منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
امریکا کے شہرنیویارک میں موجود شعیب اختر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ”خدا کا شکر ہے میں سچن ٹنڈولکر کے لیے اور سچن ٹنڈولکر میرے لیے کھیل رہا ہے، میں گزشتہ پندرہ سالوں سے ان کے خلاف باؤلنگ کر رہاہوں اور مجھے اب ان کے خلاف باؤلنگ کرنے کی خواہش نہیں ہے”۔
اس سوال پر کہ ٹنڈولکر کے خلاف کیوں نہیں کھیلنا چاہتے تھے، شعیب کا کہنا تھا کہ”ٹنڈولکر بے رحم اور تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں اور میں نہیں چاہتا تھا کہ ہندوستان–پاکستان جیسا معاملہ یہاں بھی ہو”۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ سچن ٹنڈولکر کی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے سیریز سے لطف اندوز ہونا چاہتے تھے۔
28 سابق عظیم کھلاڑیوں پر مشتمل کرکٹ آل اسٹارز کی دو ٹیمیں ’سچن بلاسٹرز‘ اور ’وارن وارئیرز‘ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز امریکا کے شہر نیویارک، ہوسٹن اور لاس اینجلس میں رواں ماہ کھیل رہی ہیں۔
ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا تاہم شعیب اختر کے لیے سچن ٹنڈولکر اور شین وارن نے سکے کے ذریعے ٹاس کیا اور فیصلہ سچن کے حق میں آگیا، یوں شعیب کی خواہش پوری ہوئی جبکہ ٹنڈولکر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں گلے لگایا۔
شعیب اخترنے کہا کہ”میں نے سچن ٹنڈولکر کو کپتان کی حیثیت سے نہیں دیکھا ہے، میں دیکھوں گا کہ وہ میرے لیے کس طرح کی حکمت عملی دینا چاہتے ہیں اور وہ تھوڑا کچھ یہ بھی جان جائیں گے کہ میں ایک فاسٹ باؤلر کے طور پر ان کی طرف بڑھتے ہوئے کیا سوچتا تھا”۔
شعیب کا کہنا ہے کہ وہ مقابلے کے لیے کھیلتے ہیں اور چاہے ٹنڈولکر کے ساتھ کھیل رہے ہوں یا ٹنڈولکر کے خلاف، مگر لوگوں کو مالی فوائد کا پورا یقین دلاتے ہیں۔
انھوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ”میں جانتا ہوں کہ لوگ مجھے سچن کے خلاف باؤلنگ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن میں تھک چکا ہوں، میں نہیں کرسکتا”۔
سچن ٹنڈولکر اور شیعب اختر کی کرکٹ کے میدان میں حریفانہ مخاصمت ان کے دور میں دونوں کے مداحوں کے لیے عظیم تھی اور وہ محظوظ ہوتے تھے۔
ٹنڈولکر کی ٹیم میں شعیب اختر کے علاوہ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر معین خان بھی شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین برائن لارا، سری لنکا کے سابق مایہ ناز اسپنر مرلی دھرن اور مہیلا جے وردھنے، آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر گلین میک گرا، ہندوستان کے سابق کپتان سارو گنگولی، وی وی ایس لکشمن اور وریندر سہواگ شامل ہیں۔
دوسری جانب شین وارن کی ٹیم میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق، آسٹریلیا کے سابق بیٹسمین میتھیو ہیڈن، رکی پونٹنگ، اینڈریو سائمنڈز، ہندوستان کے اجیت اگرکر، جنوبی افریقا کے شان پولاک، جونٹی رھوڈز، سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا اور دیگر شامل ہیں۔
قرعہ اندازی کے دوران جب سہواگ، سارو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن کا فال ٹنڈولکر کی ٹیم کے نام نکلا تو پھبتی اڑائی گئی کہ یہ تو ہندوستان کی ٹیم لگ رہی ہے۔