ممبئی میں پولیس نے پارکنگ کی جگہ کے تنازعہ پر بولی وڈ اداکار نوا زالدین صدیقی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ایک رپورٹ کے مطابق، ایک خاتون نے وارسوا پولیس اسٹیشن میں شکایت کی کہ نواز نے پارکنگ کی جگہ کے تنازعے پر انہیں دھکے دیے اور نامناسب رویہ اختیار کیا۔
نواز الدین اور متاثرہ خاتون ایک ہی ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی ہیں اور خاتون کا دعویٰ ہے کہ نواز، ان کے بھائی اور ملازموں نے اتوار کی دوپہر ان کی 24 سالہ بیٹی سے بدتمیزی کی۔
شکایت کنندہ خاتون نے بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے پورے پارکنگ ایریا پر قبضہ کی وجہ سے پڑوسیوں کو ایک سال قبل یہاں رہائش اختیار کرنے والے نواز الدین سے اختلاف ہے ۔
’آج جب میری بیٹی نے نواز کی تصاویر کھینچنے کے کوشش کی تو انہوں نے اپنے بھائی اور ملازمین کے ہمراہ میری بیٹی سے بدتمیزی کرتے ہوئے انہیں دھکے دیے‘۔
دوسری جانب ، اے این آئی نے اپنی ٹوئٹ میں نواز کے بھائی فیض صدیقی کے حوالے سے ایک خاتون کو دھکے دینے کو جھوٹ قرار دیا ہے۔