ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے معروف گلوکار ارجیت سنگھ کی آواز میں گائے گئے گیت کو فلم ’’سلطان‘‘ سے نکالنے کے سوال پر گلوکار کو پہچانے سے ہی انکار کردیا۔
بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’’سلطان‘‘ کے لیے گلوکار ارجیت سنگھ نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا لیکن سلومیاں کی ناراضی کے ڈر سے فلم پروڈیو سر اور ہدایتکار نے ارجیت کے گائے ہوئے گانے کو فلم سے نکالتے ہوئے گلوگار راحت فتح علی خان کی آواز میں گائے ہوئے گیت کو شامل کرلیا تھا جس پر معروف گلوکار ارجیت سنگھ نے سوشل میڈیا کا سہارے لیتے ہوئے سلمان خان سے معافی مانگی تھی لیکن وہ سلو میاں کو منانے میں ناکام رہے تاہم سلمان خان کے حالیہ بیان نے سب کو حیران کردیا۔
گزشتہ روز سلمان خان اور انوشکا شرما نے اپنی نئی فلم ’’سلطان‘‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں ارجیت سنگھ سے تنازع کے حوالے سے سوال کیا گیا تو سلو میاں نے گلوکار کو پہچانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی ارجیت کو نہیں جانتا کیوں کہ فلموں کے لیے کئی گلوکار گیت گاتے ہیں اور اپنی راہ لیتے ہیں لیکن فلم میں کس کی آواز کو رکھنا ہے یہ فیصلہ پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز نے کرنا ہوتا ہے لہذا کسی کو ایسا رویہ اختیار کرنے سے گریز کرنا چاہئے کیوں کہ میری بھی آواز کو ایک بار مسترد کردیا گیا تھا۔
ارجیت سنگھ کی جانب سے سوشل میڈیا پر معافی مانگنے کے سوال پر سلو میاں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر معافی مانگنے کا مقصد سستی شہرت حاصل کرنا بھی ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ارجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پر سلمان خان سے معافی مانگتے ہوئے فلم میں اپنی آواز میں گانا شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔