ہندوستان میں پاکستانی اداکاروں کو دھمکیاں ملنے کے بعد اب رپورٹس ہیں کہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اپنی ڈیبیو بولی وڈ فلم ’رئیس‘ کی شوٹنگ ایک خفیہ مقام پر مکمل کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ ہندوستانی ریاست مہاراشٹرا کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے پاکستانی اداکاروں کو ہندوستان چھوڑنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد انڈین فلم ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔
اس پابندی کا سب سے بڑا اثر کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ پر ہوا، ساتھ ساتھ انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
خبریں تھیں کہ ان واقعات کے بعد ماہرہ خان کا کردار فلم ’رئیس‘ سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اب رپورٹس کے مطابق وہ ابوظہبی میں اس فلم کی شوٹنگ مکمل کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ ایم این ایس نے بولی وڈ کے سامنے شرائط رکھی ہیں کہ وہ پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے پر 5 کروڑ روپے دیں گے۔
فلم ’رئیس‘ ماہرہ خان کی بولی وڈ ڈیبیو فلم ہے جس میں شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، فلم میں شاہ رخ خان ایک گجراتی گینگسٹر بنے ہیں جبکہ ماہرہ نے ان کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے۔
راہول ڈھولکیا کی ہدایات میں بننے والی فلم ’رئیس‘ اگلے سال 26 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔