سری لنکن ایئر لائنز کے بھارت سے سری لنکا جانے والے ایک مسافر طیارے میں دوران پرواز موبائل فون کی وجہ سے اچانک آگ لگی گئی، جسے بروقت بجھا دیا گیا۔
ہوائی جہاز دو سو سے زائد مسافروں اور عملے کے ارکان کے ساتھ بھارت میں کوچی سے کولمبو کی طرف پرواز پر تھا۔
یہ آگ ایک اوور ہیڈ لاکر میں رکھے سامان کو اس میں موجود ایک موبائل فون کی لیتھیم بیٹری کی وجہ سے لگی، جسے فوراً بجھا دیا گیا۔
واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا جبکہ ہوائی جہاز بھی کسی بڑے حادثے سے بچ گیا۔
طیارے میں عملے کے ارکان کے علاوہ 202 مسافر بھی سوار تھے۔آگ مسافروں کی سیٹوں کے اوپر دستی سامان کے لیے بنے لاکرز میں سے ایک میں اس وقت لگی جب وہاں رکھے گئے ایک مسافر کے سامان میں موجود ایک موبائل فون کی بیٹری نے کافی گرم ہو جانے کے بعد اچانک آگ پکڑ لی۔
گزشتہ برس اکتوبر میں دنیا کی کئی دوسری فضائی کمپنیوں کی طرح سری لنکن ایئر لائنز نے بھی اپنے مسافروں کو سفر کے وقت اپنے ساتھ سام سنگ نوٹ سیون طرز کے موبائل فون لانے سے منع کر دیا تھا۔
یہ پابندی اس فون کی بیٹری کی وجہ سے اس لیے لگائی گئی تھی کہ مختلف ملکوں میں پیش آنے والے چند واقعات میں اس بیٹری نے اچانک آگ پکڑ لی تھی۔
سری لنکن ایئر لائنز کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ اس واقعے میں دوران پرواز جس موبائل فون کو اچانک آگ لگ گئی، وہ کس کمپنی کا بنایا ہوا یا کون سے ماڈل کا تھا۔