وارانسی : اترپردیش کے وارانسی کے بھیلو پور علاقے میں اسکول جارہی نویں درجہ کی ایک طالبہ کو اغواکرکے اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
پولیس نے آج بتایا کہ متاثرہ لڑکی ی شکایت پر اس معاملے میں منٹو سنگھ نامی نوجوان سمیت چار نوجوانوں کے خلاف معاملہ درج کرکے جانچ کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ الزام ہے کہ طالبہ کو محمور گنج علاقے سے اغوا کرکے لوہتا علاقے لے جایا گیا جہاں چار نوجوانوں کے اسے اپنی ہوس کا شکار بنایا۔ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی کی ماہ کی تحریر پر بھیلو پور تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ متاثرہ کی والدہ کا الزام ہے کہ اس سے پہلے تھانے میں موجود پولیس افسران لوہتا علاقے کا واقعہ ہونے کابہانہ کرکے معاملے کو کئی دنوں تک ٹالتے رہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سابق سینئر پولیس افسران کی مداخلت کے بعد ہی جمعرات کو معاملہ درج ہوسکا۔الزام ہے کہ طالبہ گذشتہ نو مئی کو لکسا میں واقع اپنے اسکول جانے کے لئے محمور گنج میں آٹو رکشہ پر سوار ہوئی ۔ اسی دوران آٹو پر پہلے سے سوار ایک نوجوان نے طالبہ کو کوئی نشیلی دوا سنگھا دی جس سے وہ بے ہوش ہوگئی۔ اس کے بعد وہ اسے لوہتا علاقے میں ایک کمرے میں لے گیا جہاں اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ موقع پاکر لڑکی کمرے سے بھاگ نکلی اور اپنے گھر آتے وقت راستے میں چیتئی پور گاوں پہنچی جہاں اسے بدحواس دیکھ کر ایک مقامی شخص نے اسے اس کے گھر پہنچایا۔ کئی دنوں تک صدمے میں رہنے کے بعد طالبہ نے اپنی آپ بیتی ماں کو بتائی اور کل معاملہ درج ہوسکا۔